کتاب باب آیت
1 2 3
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16

طِطُس 1

 1

  1 پولُسؔ رسُول کی طرف سے جو خُدا کا خادم اور یسوُعؔ مسیِح کا رسُول اِس لئے مقررہوا ہے کہ خُدا کے چُنے ہوئے لوگوںکے ایمان کوبڑھانے اور اُس سچائی کو پہچاننے میں مدد کروںتاکہ وہ خُدا ترس زندگی گُزاریں۔  2 اور اُس ہمیشہ کی زندگی کی اُمید کو جس کا وعدہ خُدا نے دُنیا کے شُروع سے کیا ہے جو جُھوٹ نہیںبولتا۔  3 اور جس کو اپنے مُقررہ وقت کے مطابق اِس پیغام کے ذریعے ظاہر کیا جِس کی منادی ہمارے مُنجّی خُداوند یسوعؔ مسیِح کے حکم کے مطا بق میرے سپُرد ہوئی۔

  4 طِطُسؔ کے نام جو ایمان کی رُوح سے سچافرزند ہے۔ تُجھے ہمارے باپ خُدا اور مُنجّی خُداوند یسُوعؔ مسیِح کا فضل اور اطمینان ملتا رہے۔

 کریتےؔ میں طِطُس ؔکی خدمت:

  5 میں نے تُجھے کریتے ؔ میںاِس لئے چھوڑاتھا کہ باقی کاموںکوجو رہ گئے ہیں مکمل کر کے ہر شہر میں میرے حُکم کے مطابق بزرگ مقرر کرے۔  6 ایسے بزُرگ بے الزام زندگی بسر کرتے ہوں اپنی اپنی بیوی کے وفادار ہوں (ایک بیوی کا شوہر ہو) اور جن کے بچے ایمان دارہوں اور اُن پر بدچلنی کا الزام نہ ہو۔  7 کلیسیا کا سربراہ خُدا کے گھر کا مختار ہوتا ہے۔ لہٰذا اُس کا بے الزام ہونا ضروری ہے۔ وہ ضدی نہ ہو، گرم مزاج نہ ہو، شرابی اور مار پیٹ کرنے والا اور لالچی نہ ہو۔  8 بلکہ مہمان نواز ہو، اچھائی سے پیار کرنے والا، سمجھدار، انصاف پسند، وفادار اور اپنے آپ پر قابو رکھنے واِلاہو۔  9 اور اُس قابلِ اعتماد پیغام پر قائم رہے جو ہماری تعلیم کے مطابق ہے تا کہ صحیح تعلیم دے کر دُوسروں کی حوصلہ افزائی کر سکے اور مخالفوں کو سمجھا بھی سکے۔

  10 کیونکہ بُہت سے اِیسے لوگ ہیں جو سرکش ہیں اور فضول باتیں کر کے دُوسروںکو دھوکا دیتے ہیں خاص ِطور پر وہ جو نجات پانے کے لیے ختنے پر زور دیتے ہیں۔  11 ضروری ہے کہ اِن کا مُنہ بند کیا جائے کیونکہ یہ ناجائزنفع کی خاطر جُھوٹی تعلیم دے کر گھر کے گھر تباہ کر دیتے ہیں۔  12 اُن کے اپنے ایک نبی نے اُن کے بارے میں یہ کہہ دیا تھاکہ کُریتی لوگ ہمیشہ جُھوٹے، وحشی جانور، نکمّے اور کھاؤ ہوتے ہیں۔  13 یہ سچ ہے لہٰذا اُن کے ایمان کو درُست کرنے لیے سخت ملامت کیا کر۔  14 تاکہ وہ یہودیوں کی فرضی کہانیوں اور انسانی احکام پر دھیان نہ دیں جو سچائی سے گمراہ کرتے ہیں۔  15 پاک لوگوں کے لیے سب کچھ پاک ہے مگر جو ناپاک اور بے ایمان ہیں اُن کے لیے کوئی بھی چیز پاک نہیں بلکہ اُن کا ضمیر اور دل دونوں ناپاک ہیں۔  16 وہ خُدا کو جاننے کا دعویٰ توکرتے ہیں مگر اپنے کاموں سے اُس کا انکار کرتے ہیں۔ وہ گھنؤنے، نافرمان اور کسی نیک کام کے لائق نہیں۔