کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17

مُکاشفہ 7

 7

 ایک لاکھ چوالیس ہزار چُنے ہوؤں پر مُہر:

  1 اِس کے بعد میں کیا دیکھتا ہوں کہ آسمان کے چاروں کونوں پر چار فرشتے کھڑے ہیں جوزمین کی چاروں ہواؤں کو تھامے ہوئے تھے تاکہ زمین اور سمندر اور کسی درخت پر ہوانہ چلے۔  2 پھر میں نے ایک اورفرشتے کو مشرق کی طرف سے اُوپر آتے دیکھا جسے کے پاس خُدا کی مُہر تھی۔ اُس نے اُن فرشتوں کو جنہیں زمین اور سمندر کو نقصان پہنچانے کا اختیار تھا پُکار کر کہا۔  3 زمین اور سمندر اور کسی درخت کو اُس وقت تک نقصان نہ پہنچانا جب تک خُدا کے بندوں کے ماتھوں پر مُہر نہ کر دیں۔  4 پھر میں نے سُنا کہ اسرائیل کے سب قبیلوں میں سے ایک لاکھ چوالیس ہزار لوگوں پر مُہر کی گئی۔

  5 یہوداہ ؔکے قبیلہ سے بارہ ہزار پر مُہرکی گئی۔
 رُوبن ؔکے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 جدّؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
  6 آشرؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 نفتالیؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 منسیؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
  7 شمعُونؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 لاویؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 اِشکار ؔ کے قبلہ سے بارہ ہزار۔
  8 زبُولون ؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 یُوسفؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔
 بِنیمینؔ کے قبیلہ سے بارہ ہزار۔

 سفید لباس میں لوگوں کی ایک بڑی بھیڑ:

  9 اِس کے بعدمیں نے کیا دیکھا کہ ہر قوم، قبیلے، اُمّت اور زبان سے لوگوں کی ایک بڑی بھیڑجس کا گننا مشکل تھا۔ وہ سب سفید لباس پہنے اور ہاتھوں میں کھجور کی ڈالیاں لیے ہوئے تخت کے آگے اور برّے کے سامنے کھڑی تھی۔  10 وہ اُونچی آواز میں پُکارکر کہہ رہے تھے کہ نجات ہمارے خُدا کی طرف سے ہے جو تخت پربیٹھا ہے اور برّے کی طرف سے ہے۔  11 اور سب فرشتے جو اُس تخت کے گرد اور اُن جانداروں اور بزُرگوں کے گردا گرد کھڑے تھے، تخت کے آگے مُنہ کے بل گر پڑے اور خُدا کو سجدہ کر کے۔  12 کہا، ’آمین! حمد اور بڑائی اور حکمت اور شُکر اور عزت اور قدرت اور طاقت ہمیشہ ہمیشہ ہمارے خُداوند کی ہوتی رہے۔ آمین!  13 تب اُن بزُرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے پُوچھا کہ سفید لباس پہنے ہوئے یہ لوگ کون ہیںاور کہاں سے آئے ہیں؟  14 میںنے جواب میں کہا، اے میرے خداوند! تُو ہی جانتا ہے۔ تب اُس نے کہا، ’یہ وہ لوگ ہیں جو بڑی اذیتوں میں سے نکل کر آئے ہیں جنہوں نے برّے کے لہوسے اپنے لباس کو دھو کر سفید کیا ہے۔  15 اِس لیے یہ دن رات خُدا کے تخت کے سامنے کھڑے اُس کے مَقدِس میں اُسی کی عبادت کرتے ہیں اورجو تخت پر بیٹھا ہے وہ اُن کو پناہ دے گا۔  16 یہ کبھی بھُوکے اور پیاسے نہ ہو ں گے اور نہ ہی سُورج اِنہیں کچھ نقصان پہنچائے گا۔  17 کیونکہ برّہ جو تخت کے پاس کھڑا ہے اُن کی گلّہ بانی کرے گا اور خُدا اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔