کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14

مُکاشفہ 5

 5

 سات مہریں لگی کتاب:

  1 جو تخت پر بیٹھاتھا میں نے اُس کے دہنے ہاتھ میں ایک طُومار دیکھا جس پر اندر باہر لکھا ہواتھا اور اُسے ساتھ مُہروں سے بندکیا گیا تھا۔  2 میںنے ایک طاقتور فرشتے کو بڑی آواز میں یہ کہتے سُناکہ کو ن اِس طُومار کو کھولنے اور مہروں کو توڑنے کے لائق ہے؟  3 لیکن کوئی بھی اِس طُومار کو کھولنے اور پڑھنے کے قابل نہ تھا، نہ آسمان پر نہ زمین پر نہ زمین کے نیچے۔  4 تب میں اِس بات کے لیے زار زار رونے لگا کہ کوئی اِس طُومار کو کھولنے اور پڑھنے کے لائق نہ نکلا۔  5 تب اُن چوبیس بزُرگوںمیں سے ایک نے مُجھ سے کہا کہ مت رو۔ دیکھ یہُوداہؔ کے قبیلے کا ببّرجو داؤد ؔ کی نسل سے ہے جس نے فتح پائی ہے وہی اِس طُومار کو کھولنے اورمُہروںکو توڑنے کے لائق ہے۔  6 تب میں نے تختوں کے درمیان اُن چاروں جانداروں اور چوبیس بزُرگوں کے بِیچ ایک برّہ دیکھا جسے ذبح کیا گیا ہو۔ اُس کے سات سینگ اور سات آنکھیں تھیں۔ یہ خُدا کی سات رُوحیں ہیں جو زمین کے ہر حصّے میں بھیجی جاتی ہیں۔  7 اُس نے آگے بڑھ کرتخت پر بیٹھے ہوئے شخص کے دہنے ہاتھ سے وہ طُومار لے لِیا۔  8 جیسے ہی اُس نے وہ طُومار لیا چاروں جانداراور چوبیس بزُرگ برّے کے سامنے گر پڑے اور اُن میں سے ہر ایک کے پاس بربط اور عُود سے بھرا ہوا سونے کا پیالہ تھا جو مُقدسوںکی دُعائیں ہیں۔  9 اُنہوں نے یہ نیا گیت گایا۔ تُو ہی طُومار کو لینے اور اُس کی مُہریں کھولنے کے لائق ہے کیونکہ تُو ہی ذبح کیا گیا اور تُو نے اپنے خُون سے خُدا کے لیے ہر ایک قبیلے، زبان، اُمّت اور قوم میں سے لوگوں کو خریدا۔  10 اور اُنہیں کاہن بنا کر خُدا کی بادشاہی کا اختیار بخشا تاکہ دُنیا پر حکومت کریں۔  11 اور پھر جب میں نے دیکھا تو لاکھوں اور کروڑوںکی تعداد میں فرشتوں کی آواز کو سُنا جو تخت اور جانداروں اوربزُرگوں کے گردا گرد تھے۔  12 اور وہ بڑی اُونچی آواز میں گا رہے تھے کہ برّہ ہی قدرت، اور دولت اورحکمت اور طاقت اورعزت اور تمجید اورحمد کے لائق ہے۔  13 تب میں نے آسمان کی اور زمین کی اور زمین کے نیچے کی اور سمندر کی ہر ایک مخلوق کو یہ گاتے سُنا کہ وہ جو تخت پر بیٹھا ہے اور برّے کی حمداور عزّت اورتمجیداور سلطنت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے۔  14 اور چاروں جانداروں نے کہا ’آمین‘ اور بزُرگوں نے گر کر اُسے سجدہ کیاجو ہمیشہ کے لیے زندہ ہے۔