کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21

مُکاشفہ 19

 19

 آسمان پر خُدا کی تمجید:

  1 اِس کے بعد میںنے آسمان پر ایک بڑی بھیڑ کی آواز سُنی جواُونچی آواز میں یہ کہہ رہی تھی:

 ہلّلوُیاہ!

 خُداوند کی تمجید! نجات اور جلال اور قدرت ہمارے خُدا ہی کی ہے۔

  2 کیونکہ اُس کی عدالت درُست اور سچی ہے اِس لیے کہ اُس نے بڑی فاحشہ کا انصاف کیا ہے جس نے اپنی حرامکاری سے دُنیا کو خراب کیا تھا اور خُدا نے اُس سے اپنے لوگوں کے خُون کا بدلہ لے لیا۔

  3 پھر دوبارہ اُن کی یہ آواز گونجی: ہلّلوُیاہ! اِس فاحشہ کے جلنے کا دُھواں ہمیشہ ہمیشہ اُٹھتا رہے گا۔  4 تب چوبیس بُزرگوں اور چاروں جانداروں نے تخت پر بیٹھے خُدا کوگِر کر سجدہ کیا اور اُس کی تمجید کی اور کہا، ”ہلّلوُیاہ آمین!“  5 اور تخت میں سے یہ آواز آئی کہ اے خُدا کے سب خادمو! تُم جو اُس سے ڈرتے ہو کیا بڑے کیا چھوٹے، سب ہمارے خُداکی حمد کرو۔

  6 پھر میں نے ایک آواز سُنی جیسے بُہت بڑی بھیِڑ اور بڑے سمندر کے پانی کا شوریا زوردار گرج کہہ رہی تھی، ہللّوُیاہ! خُداوند ہمارا خُدا جو ساری قدرت کا مالک ہے حکمرانی اُسی کی ہے۔  7 آؤ خُوش ہوں اور خُوشی منائیں اور اپنے خُدا کو جلال دیں کیونکہ برّے کی شادی کا وقت آ گیا ہے اوراُس کی دُلہن نے اپنے آپ کو تیار کر لیا ہے۔  8 اور اُس کو سفید مہین کتانی (اعلیٰ لینن) کا چمکدار لباس پہننے کا اِختیار ملا ہے (کیونکہ مہین کتانی لباس خُدا کے لوگوں کے نیک کاموں کو ظاہر کرتا ہے) ۔  9 پھر اُس فرشتے نے مُجھے کہاکہ لکھ! مبارک ہیں وہ لوگ جو جو برّے کی شادی کی ضیا فت میں بُلائے گئے۔ پھر اُس نے کہا: یہ خُدا کی سچی باتیں ہیں۔  10 تب میں نے اُس کے قدموں میں گر کر اُس کو سجدہ کیا۔ اُس نے کہاکہ مُجھے سجدہ نہ کر کیونکہ میں بھی تیری طرح اور اُن بھائیوں کی طرح خُدا کا خادم ہوں جو یسُوع ؔ پر اپنے ایمان کی گواہی دیتے ہیں۔ صرف خُدا کو سجدہ کر کیونکہ نبوُت کی رُوح یسُوعؔ کی گواہی دینا ہے۔

 سفید گھوڑا:

  11 پھر میں نے آسمان کو کُھلا ہوا دیکھا اورمُجھے ایک سفید گھوڑا نظر آیا اُس کے سوار کانام ’سچا او ر وفادار‘ ہے۔ وہ سچائی سے عدالت اور جنگ کرتا ہے۔  12 اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلوں کی مانند ہیں۔ اُس کے سر پر بُہت سے تاج ہیں۔ اُس پر ایک نام لکھا ہوا ہے جسے سوائے اُس کے کوئی اور نہیں جانتا۔  13 اُس نے جو چوغہ پہنا ہوا ہے وہ خُون میں ڈبویا گیا ہے۔ اُس کا نام ’کلامِ خُدا‘ ہے۔

  14 اُس کے پیچھے سفید اور صاف کتانی لباس پہنے سفید گھو ڑوں پر سوار آسمانی فوجیںتھیں۔  15 اُس کے مُنہ سے ایک تیز دود ھاری تلوارقوموں کو ہلاک کرنے کے لئے نکلتی ہے۔ وہ لوہے کے عصا سے اُن پر حکومت کرے گا۔ وہ اُنہیں قادرِمُطلق خُدا کے قہرکی مَے کے حَوض میں انگورروں کی طرح روند ڈالے گا۔  16 اُس کے چوغے اور ران پر یہ نام لکھا ہو گا۔ ”بادشاہوں کا بادشاہ خُداوندوں کا خُداوند“

  17 میں نے ایک فرشتے کو سُورج پر کھڑے دیکھا۔ اُس نے بلند آوز میں ہوا کے پرندوں کو پُکار کر کہا کہ آؤ اور خُدا کی بڑی دعوت کے لیے جمع ہو جاؤ۔  18 تاکہ بادشاہوں، فوج کما نڈروں، زورآوروں، گھوڑوںاور اُن کے سواروں، اور آزاد یا غلام اور چھوٹے یا بڑے سب آدمیوں کا گوشت کھاؤ۔

  19 پھر میں نے حیوان اور اُس کے ساتھ زمین کے بادشاہوں کو اپنی فوجوں کو لیے اُس کے ساتھ جو گھوڑے پر سوار ہے اور اُس کے لشکر سے جنگ کرنے کے لیے جمع ہوتے دیکھا۔  20 مگر حیوان کو اور اُس کے ساتھ جھوٹے نبی کو گرفتار کر لیاگیاجس نے اس حیوان کے لیے عجیب معجزے دِکھا کر لوگوں کو گمراہ کردیا تھا اور اُن کو جنہوں نے حیوان کی پرستش کی تھی اور اُس کی مہر لی تھی۔ حیوان اور جھوٹے نبی اُن دونوں کو گندھک سے جلتی ہوئی آگ کی جھیل میں زندہ ڈال دیا گیا۔  21 اور اُن کے ساتھ سارا لشکر اُس تیز تلوار سے قتل ہوا جو اُس گھڑ سوار کے مُنہ سے نکلتی تھی اور ہوا کے سب پرندے اُن کا گوشت کھا کر سیر ہو گئے۔