کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18

مُکاشفہ 17

 17

 بدنام زمانہ عورت اور حیوان:

  1 اُن سات فرشتوں میں سے ایک فرشتے نے جن کے پاس سات پیالے تھے میرے پاس آکر مُجھ سے کہا کہ میرے ساتھ آ میں تُجھے دکھاؤں کہ اُس بڑی فاحشہ کو کیا سزاہوئی ہے جو پانیوں پر بیٹھی ہے۔

  2 زمین کے بادشاہوں نے اُس کے ساتھ حرام کاری کی اورزمین کے لوگ اُس کی حرا م کاری کی مے سے مدہوش ہو گئے۔

  3 وہ مُجھے رُوح میں ویرانے میں لے گیا۔ و ہاں میں نے ایک عورت کو دیکھا جو سُرخ رنگ کے حیوان پر بیٹھی تھی۔ اُس حیوان کے سات سر اور دس سینگ تھے اور خُدا کے خلاف کُفر کے نام اُس کے سارے بدن پر لکھے تھے۔  4 وہ عورت جامنی اور گہرے سُرخ رنگ کا لباس اور قیمتی پتھر، موتیوںاور سونے کے زیور پہنے تھی۔ اُس کے ہاتھ میں سونے کا ایک پیالہ تھا جو نفرت انگیز چیزوں اور اُس کی حرام کاری کی ناپاکیوں کے ساتھ بھرا ہوا تھا۔  5 اُس کے ماتھے پر ایک پُراسرار نام لکھا تھا ’ ’بڑا شہر بابلؔ، فاحشاؤں اور زمین کی قابلِ نفرت چیزوں کی ماں۔“  6 وہ خُدا کے پاک لوگوں کا اور یسُوعؔ کے گواہو ں کا خُون پی کر متوالی تھی۔ میں اُسے دیکھ کر بُہت حیران ہوا۔  7 اُس فرشتے نے مُجھ سے کہا تُو کیوں حیران ہے؟ میں تُجھے اِس عورت کا اور اُس حیوان کا جس پر وہ سوار ہے جس کے سات سر اور دس سینگ ہیں راز بتاؤں گا۔  8 یہ حیوان جوتوُ نے دیکھا وہ پہلے تھا مگر اب نہیں ہے اور کچھ ہی عرصے کے بعد گہرے گڑھے سے نکلے گا تاکہ ہلاکت میں پڑے اور زمین کے رہنے والے، جن کے نام دُنیا کے بننے سے پہلے کتابِ حیات میں لکھے نہیں تھے اُسے دیکھ کر تعجب کریں گے کہ یہ پہلے تھا اور اَب نہیں ہے اورپھر موجود ہو جائے گا۔  9 ذہن کو حِکمت کے ساتھ استعمال کرنے کا یہی موقع ہے۔ سُرخ حیوان کے سات سر سات پہاڑ ہیں جس پر وہ عورت بیٹھی ہے یہ سات بادشاہوں کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔  10 جن میں سے پانچ گُزر گئے، ایک موجود ہے اور ساتواں آئے گا مگر تھوڑی مدت کے لیے۔

  11 آٹھواں بادشاہ وہ حیوا ن ہے جو تھا اور اَب مو جود نہیں۔ یہ بھی پہلے ساتوں جیساہے مگر یہ بھی ہلاک کیا جائے گا۔  12 حیوان کے دس سینگ وہ دس بادشاہ ہیں جنہیں ابھی تک بادشاہی نہیں ملی۔ وہ حیوان کے ساتھ تھوڑی مُدت کے لیے بادشاہی کریں گے۔  13 وہ سب اپنی مرضی سے حیوان کو اپنی طا قت اور اختیار دیں گے۔  14 وہ سب مل کر خُدا کے برّے کے ساتھ لڑیں گے مگر برّہ اُن کو شکست دے گا کیونکہ وہ خُداوندوںکا خُداونداور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اور جتنے چُنے ہوئے وفادار اُس کے ساتھ ہیں وہ بھی فتح پائیں گے۔  15 پھر فرشتے نے مُجھے بتایا وہ پانی جس پر وہ فاحشہ بیٹھی ہے وہ قوموں، اُمتوں اور مختلف زبانوں کے لوگ ہیں۔  16 اور وہ دس سینگ اُس فاحشہ سے نفرت رکھیں گے اور حیوان سے مل کر اُسے ویران اور ننگا کریں گے اور اُس کا گوشت کھا کر اُسے آگ میں ڈال دیں گے۔

  17 کیونکہ خُداوند اُن کے دلوں میں ڈالے گا کہ وہ ایک رائے کے ساتھ اپنا اختیار اُس حیوان کے حوالے کر دیں جب تک خُدا کا مقصد پُورا نہ ہو جائے۔  18 اور جس عورت کو تُو نے رُویا میں دیکھا یہ وہ بڑا شہر ہے جو زمین کے بادشاہوں پر حکومت کرتی تھی۔