کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20

مُکاشفہ 14

 14

 برّہ اور اُس کے لوگ:

  1 پھر میں نے نظر کی تو دیکھا کہ وہ برّہ صِیّوُن کے پہاڑ پر کھڑا ہے اور اُس کے ساتھ ایک لاکھ چوالیس ہزار وہ لوگ کھڑے ہیں جن کے ماتھے پر اُس کا اور اُس کے باپ کا نام لکھاہے۔  2 مُجھے آسمان پر سے ایسی زور کی آواز سنائی دی جیسے بڑے سمندر کے پانی کا شور ہو یا بُہت سارے تاردار سازوں کے بجانے کی آوازہو۔  3 وہ بڑی جماعت خُدا کے تخت کے سامنے اور چاروں جانداروں اور بزُرگوں کے سامنے ایک شاندارنیا گیت گا رہے تھے۔ اِس گیت کو سوائے اُن ایک لاکھ چوالیس ہزار کے جن کو دُنیا میں سے خرید لیا گیا تھا کوئی اور سیکھ نہ سکا۔  4 یہ وہ لوگ ہیں جو خُدا کی خاطر کنوارے رہے اور عورتوں سے کسی بھی طرح کا تعلق نہ رکھا۔ یہ وہ ہیں جوبرّے کے پیچھے پیچھے جاتے ہیں جہاں کہیں۔ یہ لوگوں میں سے خُدا اور برّے کے لیے پہلے پھل ہونے کے واسطے خرید ے گئے ہیں۔  5 اُن کے مُنہ سے کبھی جھوٹ نہیں نکلا تھااوروہ خُدا کے تخت کے سامنے بے عیب ہیں۔

 تین فرشتے:

  6 پھر میں نے ایک اور فرشتے کو آسمان پر اُڑتے ہوئے دیکھا جس کے پاس زمین کی سب قوموں، قبیلوںاور اہلِ زبان اور اُمتوں کو سُنانے کی ابدی خُوشخبری تھی۔  7 اُس نے اُونچی آواز میں کہا کہ خُدا سے ڈرو اُسے جلال دو کیونکہ اُس کے تختِ عدالت کا وقت آ پہنچا ہے۔ اُس کی عبادت کروجس نے آسمان، زمین، سمندر اور پانی کے چشموں کو بنایا۔

  8 اُس کے پیچھے ایک اور فرشتہ آ سمان پر یہ پُکارتا ہواآیا کہ وہ بڑا شہر گر پڑا۔ بابل ؔگِر پڑا جس نے سب قوموں کو اپنی حرام کاری کی جنونی مے پلائی۔  9 تب تیسرا فرشتہ پیچھے پیچھے بڑی آواز میں یہ کہتا آیا کہ جو کو ئی اِس حیوان کی یا اِس کے بُت کی پرستش کرے اور اپنے ماتھے یا ہاتھ پر اُس کا نشان لے لے۔  10 ضرور ہے کہ خُدا کے قہر کی اُس مے کو پئے جو اُس کے غضب کے پیالے میںبھری گئی ہے۔ وہ فرشتوں اور برّے کے سامنے آگ اور گندھک سے اذیت پائے گا۔  11 اُن کے عذاب کا دُھواں سدااُٹھتا رہے گا کیونکہ اُنہوں نے ِاِس حیوان کی اور اُس کے بُت کی پرستش کی اور اُس کے نام کی چھاپ لی اِس لیے وہ دن رات بے چین رہیں گے۔

  12 خُدا کے لوگ جو اُس کے حکموں پر عمل کرتے اور یسُوعؔ پر ایمان رکھتے ہیں ضرور ہے کہ وہ صبر سے برداشت کریں۔

  13 پھر میں نے آسمان سے یہ آواز آتے سُنی کہ لکھ! مبارک ہیں وہ مُردے جو اب سے خُداوند میں مرتے ہیں۔ رُوح فرماتا ہے بے شک! وہ مبارک ہیں کیونکہ وہ اپنی محنتوں سے آرام پا ئیں گے کیونکہ اُن کے اعمال اُن کے ساتھ ساتھ ہوں گے۔

 زمین پر کٹائی:

  14 پھر میں نے ایک سفید بادل دیکھا جس پر کوئی آدم زاد سا بیٹھا تھاجس کے سر پر سونے کا تاج ہے اور ہاتھ میں تیز درانتی۔  15 تب میں نے ایک اور فرشتے کو مَقدِس میں سے نکلتا دیکھا اُس نے پُکار کر اُس کوجو بادل پر بیٹھا تھاکہاکہ اپنی درانتی چلااور کاٹ کیونکہ وقت آگیا، زمین پر فصل پک گئی ہے۔  16 پس اُس نے جو بادل پر بیٹھا تھا درانتی چلا کرزمین کی فصل کی کٹائی کی۔

  17 پھر ایک اور فرشتہ آسمان پر موجود مَقدِس میں سے نکلا۔ اُس کے ہاتھ میں بھی ایک تیز درانتی تھی۔  18 پھر ایک اور فرشتہ جسے آگ پر اختیار تھا قربان گاہ سے نکلا اور پُکار کر اُس فرشتے کو جس کے ہاتھ میں تیز درانتی تھی کہاکہ اپنی درانتی چلا اور زمین پر انگور کے گُچھے کاٹ کیونکہ وہ پک چُکے ہیں۔  19 اُس فرشتے نے اپنی درانتی زمین پر چلائی اور انگور کے گُچھے کاٹ کر اُسے خُدا کے غضب کے حوض میں ڈال دیا۔  20 تب اُنہیں شہر کے باہر اُنہیں بڑے حوض میں رونداگیا اور حوض میں سے اتنا خُون بہا کہ گھوڑوں کی لگاموں تک پہنچ گیا اور بہتا ہوا تین سو کلومیڑ تک چلاگیا۔