کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18

مُکاشفہ 13

 13

 دو حیوان:

  1 اور میں نے ایک اور حیوان کو سمندرمیں سے نکلتے دیکھا جس کے دس سینگ اور سات سر تھے۔ ہرسینگ پر ایک تاج اور ہر سر پر کُفر کا ایک نام لکھا ہوا تھا۔  2 اِس کی شکل چیتے کی مانند تھی، پاؤں ریچھ کے سے تھے اور اُس کامُنہ ببّر کی طرح تھا۔ اَژدھا نے اپنی قدرت، تخت اور بڑا اختیار اُسے دے دیا۔  3 میں نے حیوان کے ایک سر پر بڑاگہرا زخم دیکھا جس کاٹھیک ہونا مُشکل تھامگر وہ زخم ٹھیک ہو گیا اور ساری دُنیا حیران ہو کر اُس کے پیچھے چل پڑی۔  4 اُس اختیار کی وجہ سے جو اَژدھا نے اُس حیوان کو دیا تھا اُنہوں نے اَژدھا کی اور حیوان کی بھی پرستش کی یہ کہتے ہو ئے کہ اِس حیوان کی مانند کون ہے؟ کون اِس سے لڑ سکتا ہے؟  5 اُسے خُدا کے خلاف کُفر بکنے کے لیے ایک مُنہ دیا گیا اور اُسے بیالیس مہینے تک اس اختیارکو استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

  6 اُس نے اپنا مُنہ کھول کر خُدا کے خلاف، خدا کے نام، اُس کے خیمے کے خلاف اور آسمان پر رہنے والوں کے خلاف کُفر بکنا شُروع کیا۔  7 اُس کوخُدا کے لوگوں کے خلاف جنگ کرنے اور سب قوموں، قبیلوں، اُمتوں اور اہلِ زبان پر حکُومت کرنے کا اختیا ر بھی دیا گیا۔  8 زمین کے رہنے والے وہ سب اُس حیوان کی پرستش کریں گے جن کے نام دُنیا کی ابتدا سے ذبح کئے ہوئے برّے کی کتابِ حیات میں لکھے ہوئے نہیں۔  9 جس کے کان ہو وہ سُنے۔  10 جس کو قید ہونا ہے وہ قید کیا جائے گا۔ جس نے تلوار سے قتل کیا ہے وہ تلوار سے قتل ہوگا۔ خُدا کے لوگوں کے لیے صبر سے برداشت کرنے اور ایمان میں قائم رہنے کا یہی وقت ہے۔

 زمین سے نکلنے والا حیوان:

  11 پھر میںنے ایک اور حیوان زمین سے نکلتے ہوئے دیکھاجس کے برّے کے سینگوں کی طرح دو سینگ تھے۔ لیکن وہ اژدھا کی طرح بولتا تھا۔  12 اُس نے پہلے حیوان کے سارے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے دُنیا کے رہنے والوں سے اُس حیوان کی پرستش کروائی جس کا گہرا زخم اچھا ہو گیا تھا۔  13 وہ حیران کر دینے والے معجزات دِکھاتا یہاں تک کہ لوگوں کے دیکھتے دیکھتے آسمان سے آگ نازل کرتا۔  14 وہ اُن تمام معجزات سے جو پہلے حیوان کے نام سے دِکھاتا لوگو ں کو گُمراہ کرتااور اُنہیں اُس حیوان کابُت بنانے کا حُکم کرتاجس کا گہرا زخم اچھا ہو گیا تھا۔  15 اُسے پہلے حیوان کے بُت میں جان ڈالنے کا اختیار دیا گیا تاکہ وہ بول سکے اور جو اُس کو سجدہ کرنے سے انکار کرے اُسے قتل کروا دے۔  16 اُس نے سب پر کیا چھوٹے کیا بڑے، کیا امیر کیا غریب اور کیا غلام کیا آزاد سب کے ماتھے پر یا دائیں ہاتھ پر نشان لگا یا۔  17 تاکہ جن لوگوں پر اُس حیوان کا نشان یعنی اُس کانام یا اُس کے نام کا عدد نہ ہو وہ خرید وفروخت نہ کر سکے۔  18 یہاں یہ جاننے کے لیے حکمت کی ضرورت ہے کہ حیوا ن کاعدد گنتی میں کیا ہے کیونکہ یہ آدمی کا عدد ہے اور اُس کا عدد چھ سو چھیاسٹھ ہے۔