1 یسُوعؔ مسیِح کے بندوں پولُس اور تیمُتھیُسؔ کی طرف سے۔ فلپّی میں تمام مُقدس لوگوں کے نام جو مسیِح یسُوعؔ ؔمیں ہیں اور کلیسیاکے تمام راہنماوںاورخادموں کے نام۔
2 خُدا باپ اور خُداوند یسُوعؔ مسیِح تُمہیںاپنا فضل اور اطمینان عطا کرے۔
3 میں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجالاتا ہوں۔ 4 اپنی ہر دُعا میں تُمہیں بڑی خُوشی سے یاد کرتا ہوں۔
5 کیونکہ تُم شروع سے ہی جب سے تُم نے اِس خُوشخبری کے کلام کو سُنا، اِس خُوشخبری کو پھیلانے میں میرے ساتھ شریک ہو۔ 6 اور میں ایمان رکھتا ہوں کہ خُدا جس نے اِس اچھے کام کو تُم میں شروع کیا ہے یسُوعؔ مسیِح کے واپس آنے کے دن تک پُورا کرے گا۔ 7 میرا تمہارے بارے میں اِسی طرح سوچنا اِس لیے مناسب ہے کیونکہ تُم میرے دل میں رہتے ہواور میری قید اور اِس خُوشخبری کی جوابدہی اور ِاس کو ثابت کرنے میں خُدا کے خاص فضل کے ساتھ میرے شریک رہے۔ 8 خُدا گواہ ہے کہ میں یسُوع ؔکی سی شفقت کے ساتھ تُم سے ملنے کا مشتاق ہوں۔
9 میں دُعا گو ہوں کہ تُمہاری محبت ہر طرح کے علم اور سمجھ کے ساتھ بڑھتی جائے۔ 10 اور تُم معلوم کر سکو کہ کون سی باتیں عمدہ اور اہم ہیں تاکہ تُم یسُوعؔ مسیِح کے آنے تک پاک اور بے الزام زندگی گُزار و۔ 11 اور یسُوع ؔمسیح کے وسیلے سے تُم راستبازی کے پھلوں سے بھر کر خُدا کا جلال ظاہر کرتے ہوئے اُس کی ستایش کروکیونکہ وہ اِسی کے لائق ہے۔
مسِیِح کی منادی پولُسؔ کی خُوشی کا باعث:
12 عزیز بھائیواور بہنو! میں چاہتا ہوں کہ تُم یہ بات جانو کہ جو کچھ مُجھ پر گُزرا وہ خُوشخبری کے پھیلنے کا باعث بناہے۔ 13 یہاں تک کہ سب لوگ اور شاہی محل کے سپاہی بھی یہ بات جان گئے ہیں کہ میں یسُوعؔ کی گواہی دینے کی وجہ سے قیدہوں۔ 14 میرے قید ہونے سے بُہت سے بھائیوں کو بے خوف ہو کر خُوشخبری سُنانے کی دلیری ملی ہے۔ 15 یہ سچ ہے کہ کچھ لوگ صرف حسد اور جھگڑے کی رُوح سے منادی کرتے ہیں اور کچھ لوگ نیک نیّتی سے۔ 16 جومحبت کی رُوح میں منادی کرتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ میں اِس خُوشخبری کو ثابت کرنے کے لیے چُنا گیا ہوں۔ 17 دُوسرے صاف دلی سے نہیں، بلکہ حسد کی رُوح میں منادی کرتے ہیں تاکہ قید میں میرے لیے مشکلات میں اضافہ کر سکیں۔ 18 اچھی یا بُری نیّت اِس بات سے فرق نہیں پڑتا اہم بات یہ ہے کہ مسیِح کی خُوشخبری سنائی جاتی ہے۔ میں اِس بات سے خُوش ہوں اور خُوش رہوں گا۔ 19 میں جانتا ہوں کہ میرے لیے تُمہاری دُعائیں اور مسیِح کے رُوح کی مددسے اِن حالات کے ذریعے بالآخرمُجھے نجات ملے گی۔ 20 مُجھے اپنی لئے اُمید اور یقین ہے کہ کسی بھی بات سے مُجھے شرمندگی نہ ہو گی اور میں اِسی طرح دلیری اور آزادی سے منادی کرتا رہوں گا۔ 21 کیونکہ زندہ رہنا میرے لیے مسیِح اور مرنا نفع ہے۔ 22 لیکن اگر میرا زندہ رہنا مسیِح کے کام کے لیے زیادہ مفید ہے تو میں نہیں جانتا کہ کِسے پسند کروں۔ 23 میں اپنی اِن دونوں خواہشوں کی وجہ سے بڑی کشمکش میں مبتلا ہوں۔ جی تو چاہتا ہے کہ دُنیا کو چھوڑ کر مسیِح کے پاس جا رہوںکیونکہ یہ زیادہ بہتر ہے۔ 24 مگر تُمہاری خاطر زندہ رہنا زیادہ ضروری ہے۔ 25 چونکہ میںاِس بات پر یقین رکھتا ہوں اِس لیے میرا ایمان ہے کہ میں تُمہارے ساتھ زندہ رہوںگا تاکہ تُم ایمان میں ترقی کرو اورخُوش رہو۔ 26 تاکہ میرا تُمہارے پاس واپس آنا تُمہارے اُس فخر کو اورزیادہ کر دے جو تُم مُجھ پر یسُو عؔ مسیِح کی وجہ سے کرتے ہو۔ 27 کچھ بھی کرویہ خیال رکھو کہ تُمہارا چال چلن مسیِح کی خُوشخبری کے مطابق ہو۔ میں تُمہیں دوبارہ دیکھ سکوں یا نہ دیکھ سکوں مگر اتنا ضرور سنُو کہ تُم ایک رُوح میں قائم ہو اور ایک جان ہو کر خُوشخبری کے لیے جانفشانی کرتے ہو۔ 28 اپنے مخالفوں سے کسی طرح بھی خوف زدہ نہیں ہو۔ یہ خُدا کی طرف سے اِس بات کا ثبوت ہے کہ تُم نجات کے لیے اور تُمہارے دُشمن ہلاک ہونے کے لیے مقرر ہُوئے ہیں۔ 29 تُم پر نہ صرف یہ فضل ہوا ہے کہ مسیِح پر ایمان لاؤ بلکہ مسیِح کی خاطر دُکھ بھی اُٹھاؤ۔ 30 تُم بھی اُن مُشکلات کا سامنا کر رہے ہو جن مُشکلات کا مُجھے سامنا کرتے دیکھا ہے اورتُم جانتے ہو کہ اَب بھی میں اِن مُشکلات کاسامنا کر رہا ہوں۔~