خُداوند یسُوعؔ کی دُعا:
1 اِن باتوں کے بعد یسُوعؔ نے آسمان کی طرف دیکھ کر دُعا کی ”اَے باپ وہ گھڑی آ گئی ہے کہ تُو اپنے بیٹے کو جلال دے تاکہ تیرا بیٹا تیرا جلال ظاہر کرے۔ 2 ”کیونکہ تُو نے اُسے سب پر اختیار دیا ہے تاکہ جن کو تُو نے اُسے بخشا ہے اُنہیں ہمیشہ کی زندگی دے۔
3 ”ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تُجھ واحداور سچے خُدا کو اور یسُوعؔ مسیح کو جسے تو نے بھیجا ہے جانیں۔ 4 ”میں نے اُس کام کو جو تُو نے مُجھے دیا پُوراکرکے زمین پر تیرے نام کو جلال دیا۔ 5 ”اَب اَے باپ! مُجھے اُس جلال میں داخل کر جو میں دُنیا کی پَیدایش سے تیرے ساتھ رکھتا تھا۔ 6 ”میں نے تیرے نام کو اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں تُو نے اِس دُنیا میں پہلے سے مُجھے دیا۔ وہ تیرے تھے اور تُو نے اُنہیں مُجھے دیا اور اُنہوں نے تیرے کلام کے مطابق عمل کیا ہے۔ 7 ”اَب وہ جان گئے ہیں کہ جو کچھ میرے پاس ہے وہ تُو نے مُجھے بخشا ہے۔
8 ”کیونکہ جو کلام تُو نے مُجھے دیا میں نے اُن کو پہنچا دیا ہے اور اُنہوں نے اُسے قبول کیا ہے اور اِس بات کا یقین کیا ہے کہ میں تیری طرف سے آیا ہوں اورایمان لائے ہیں کہ تُو نے مُجھے بھیجا ہے۔ 9 ”میں اُن کے لیے دُعا کرتا ہوں، دُنیا کے لیے نہیں بلکہ اُن کے لیے جنہیں تُو نے مُجھے دیا ہے کیونکہ وہ تیرے ہیں۔ 10 ”وہ سب جو میرے ہیں وہ تیرے ہیں اورجو تیرے ہیں وہ میرے ہیںکیونکہ اُن سے مُجھے جلال ملا ہے۔ 11 ”اَب میں دُنیا کو چھوڑ کر تیرے پاس آ رہا ہوں لیکن یہ دُنیا میں رہیں گے۔ اَے قُدوس باپ! اپنے نام میںجن کو تُو نے مُجھے دیا ہے اِن کی حفاظت کرتاکہ یہ ایک رہیں جیسے میں اور تُو ایک ہیں۔ 12 ”جب تک میں اِن کے ساتھ رہا میںنے اُس نام سے جو تُو نے مُجھے بخشا اِن کی حفاظت کی جن کو تُو نے مُجھے دیا، اُن میں سے ایک بھی ہلاک نہ ہواسوائے اُس کے جسے کلام کے مطابق ہلاک ہونا ہی تھا تاکہ کلام سچا ٹھہرے۔ 13 ”میں تو تیرے پاس آ رہا ہوں لیکن یہ باتیں میں دُنیا میں اِس لیے کرتا ہوں تاکہ اِن کا دِل میری خُوشی سے بھر جائے۔ 14 ”میں نے تیرا کلام اُنہیں پہنچا دیا۔ دُنیا اُن سے نفرت رکھتی ہے کیونکہ یہ دُنیا کے نہیں جیسے میں اِس دُنیا کا نہیں۔ 15 ”میں یہ تو دُعا نہیں کرتا کہ تُو اُنہیں دُنیا سے نکال لے بلکہ یہ کہ اِن کی شیطان سے حفاظت کر۔ 16 ”جیسے میں اِس دُنیا کا نہیں ویسے وہ بھی اِس دُنیا کے نہیں۔ 17 ”سچائی سے اُن کو پاکیزگی بخش۔ تیرا کلام جو سچائی ہے اُنہیں سِکھا۔ 18 ”جیسے تو نے مُجھے اِس دُنیا میں بھیجا میں بھی اُنہیں دُنیا میں بھیجتا ہوں۔ 19 ”اُن کی خاطر میں اپنے آپ کو پاک قربانی کے طور پر پیش کرتا ہوں تاکہ وہ بھی سچائی سے اپنے آپ کوپاک قربانی ہونے کے لیے پیش کریں۔ 20 ”میں صرف اِن کے لیے ہی نہیں بلکہ اُن سب کے لیے بھی دُعا کرتا ہوں جو اِن کا پیغام سُن کر مُجھ پر ایمان لائیں گے۔ 21 ”میں دُعا کرتا ہوں کہ وہ سب ایک ہوں جیسے میں اور تُو ایک ہیں۔ جس طرح اَے باپ! تُم مُجھ میں ہے اور میں تُجھ میں، وہ بھی ہم میں ہوں تاکہ دُنیا ایمان لائے کہ تُو نے مُجھے بھیجا ہے۔ 22 ”میں نے اُنہیں اُس جلال میں شامل کیا ہے جو تو نے مُجھے بخشا ہے تاکہ وہ ایک ہوں جیسے ہم ایک ہیں۔ 23 ”میں اُن میں اور تُو مُجھ میں یوں وہ کامل طورپر ایک ہو جائیںاور دُنیا جان جائے کہ تُو نے مُجھے بھیجا ہے اور تُواُن سے اُتنا ہی پیار کرتا ہے جتنا مُجھ سے۔ 24 ”اَے باپ میں چاہتا ہوں کہ جنہیں تو نے مُجھے دیا ہے، جہاں میں ہُوں وہ بھی میرے ساتھ ہوں تاکہ و ہ اُس جلال کو دیکھ سکیں جو تو نے مُجھے بخشا ہے کیونکہ دُنیا کی پَیدایش سے پہلے تُو مُجھ سے محبت رکھتا ہے۔ 25 ”اَے راست باپ! دُنیا نے تُجھے نہیں جانامگر میں نے تُجھے جانا اور اِنہیں نے بھی جانا کہ تُو نے مُجھے بھیجا ہے۔ 26 ”میںنے اُن پر تُجھے ظاہر کر دیاہے اور آگے بھی کرتا رہوں گا تاکہ تیری محبت اُن سے اُتنی ہی ہو جتنی مُجھ سے ہے تاکہ میں اُن میں رہوں۔“