کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19

العبرانيين 3

 3

 یسُوعؔ موسیٰ ؔسے بڑا ہے:

  1 پس اے مُقدس بہنو اور بھائیو! تُم جو خُدا کے گھرانے کے ہو اور آسمانی بادشاہی کے لیے بُلائے گئے ہو یسُوعؔ مسیح پر غور کرو جس کے خُدا کا رسُول اور سردار کاہن ہونے کا ہم اقرار کر چُکے ہیں۔  2 وہ خُداکا جس نے اُسے مقررکیا وفادارتھاویسے ہی جیسے موسیٰؔ خُدا کے سارے گھر کاوفادار تھا۔  3 لیکن وہ مُوسیٰ ؔسے زیادہ عزت کے لائق ٹھہرا جیسے گھر کا بنانے والا معمار گھر سے زیادہ عزت کے لائق ہوتاہے۔  4 ہر گھر کا ایک بنانے والا ہوتا ہے مگر جس نے سب کچھ بنایا وہ خُدا ہے۔  5 بے شک مُوسیٰؔ خُدا کے گھر میں ایک دیانتدار خادم تھا اور اپنے سارے کاموں سے اُن باتوں کی گواہی دی جنہیں خُدا آیندہ ظاہر کرنے کو تھا۔  6 مگر مسیح یسوُعؔ خُدا کے گھر میں بیٹے کی طرح مختار ہے اور ہم خُدا کا گھر ہیں بشرطیکہ ہم اُس اُمید اور بھروسے میں مسیِح یسوُع ؔ میں آخر تک قائم رہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔

  7 لہٰذا جس طرح پاک رُوح فرماتا ہے:

 ”اگر تُم اُس کی آواز سُنو۔
  8 ”تو اپنے دلوں کو سخت نہ کرو
 جیسے اِسرائیل نے بیابان میں میری آزمایش کی
 اور بغاوت کر کے غصّہ دلایا۔
  9 ”جہاں تُمہارے باپ دادا نے میرا امتحان لیتے ہوئے مُجھے آزمایا
 اِس کے باوجودکہ اُنہوں نے چالیس سال میرے عجیب کام دیکھے۔
  10 ”اِس لیے میں اُن سے ناراض ہوا،
 اور کہاکہ اِن کا دل ہمیشہ مُجھ سے گمراہ ہوتارہتا ہے،
 اوراُنہوں نے میرے حُکم نہ مانے۔
  11 ”لہٰذامیں نے اپنے غصّے میں قسم کھائی،
 کہ وہ میرے آرام میں داخل نہیں ہوںگے۔“ (زبور۹۵: ۱۱-۷)

  12 عزیز بہنو! اور بھائیو! خبردار رہوکہ بُرائی کسی کے دل کو اِس قدر بے ایمان نہ کر دے کہ زندہ خُدا سے پھِر جائے۔  13 بلکہ ہر روز ایک دُوسرے کے ایمان کو مضبوط کرو جب کہ ابھی تک ’آج کا دن‘ ہے، تاکہ تُم میں سے کسی کا دل گُناہ کے فریب میں پھنس کرسخت نہ ہو جائے۔  14 اگر ہم آخر تک خُدا کے ساتھ وفادار رہیں اورخُدا پر بھروسا اُتنا ہی مضبوط ہو جتنا ایمان لانے کے وقت تھا تو یسُوع ؔکے ساتھ اُس کی ہر چیز میںحصّہ دار ہوں گے۔

  15 جیسے کہ لکھا ہے کہ:

 ”اگر آج کے دن تُم اُس کی آواز سُنتے ہو
 تو اپنے دلوں کو سخت نہ کرو۔
 جس طرح عُصّہ دِلانے کے وقت کیاتھا۔“ (زبور۹۵: ۸-۷)

  16 وہ کون تھے جنہوں نے سُن کر غُصّہ دلایا؟ کیا وہ سب نہیں جو مُوسیٰ ؔکے وسیلے مصر ؔسے نکالے گئے؟  17 کن لوگوں نے چالیِس برس تک خُدا کو غُصّہ دلایا؟ کیا وہ نہیں جنہوں نے گُناہ کیا او راُن کی لاشیں بیابان میں پڑی ر ہیں۔  18 اور کن کے ساتھ خُدا نے قسم کھائی کہ تُم میرے آرام میں داخل نہ ہونے پاؤگے؟ کیا وہ ہی نہیں جنہوں نے نافرمانی کی؟  19 لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ وہ اپنی بے ایمانی کے سبب خُدا کے آرام میں داخل نہ ہو سکے۔