کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6

افسیوں 6

 6

 بچوں اور والدین میں تعلق:

  1 بچو! ماں باپ کے تابع رہو۔ کیونکہ خُداوند میں ہوتے ہوئے یہ مناسب ہے۔  2 یہ حکم کہ ”اپنے ماں باپ کی عزت کر۔“ (خروج ۲۰: ۱۲) ایک ہی حُکم ہے جس کے ساتھ وعدہ بھی ہے۔  3 ”تاکہ تیرا بھلا ہو اور تیری عمر زمین پر دراز ہو۔“  4 اَولاد والے اپنے بچوں کو غُصّہ نہ دلائیںبلکہ اُس تعلیم کے ساتھ جو خُداوند کی ہے اُن کو نصیحت دے دے کر تربیت کریں۔

 نوکر اور مالک میں تعلق:

  5 اے نوکرو! اِس زمین پر اپنے مالکوں کی بڑی عزت کرو اور کانپتے ہوئے فرمانبرداری کروجیسے مسیِح کی کرتے ہو۔  6 صرف اُن کی موجودگی میں ہی نہیں بلکہ اُن کی غیر موجودگی میں بھی۔ مسیِح کے بندوں کی طرح خُدا کی مرضی کو پورا کرتے ہوئے دل اور جان سے اُن کی خدمت کرو۔  7 یہ جان کر کہ خُداوند کے لیے کرتے ہو نہ کہ آدمیوں کے لیے۔  8 یاد رکھو کہ جو کوئی بھی نیک کام کرے گا چاہے غلام ہو یا آزاد خُداوند سے صِلہ پائے گا۔  9 اے مالکو! تُم بھی ایسے ہی اپنے نوکروں کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ اُنہیں دھمکیاں نہ دیا کرو یہ جان کر کہ تُم دونوں کا مالک آسمان پر ہے جو کسی کا طرف دار نہیں۔

 رُوحانی ہتھیار:

  10 آخری بات یہ کہ تُم خُداوند میں اور اُس کی قوت میں زورآور ہوتے جاؤ۔  11 خُدا کے سب ہتھیار باندھ لو تاکہ تُم شیطان کے سب منصوبوں کا مقابلہ کر سکو۔  12 ہمیں خون اور گوشت سے یعنی انسانوں سے نہیں بلکہ تاریکی کی دُنیا کے حاکموں، اختیار والوںاور شرارت کی رُوحانی فوجوں سے یعنی ابلیس کی فوجوںکے خلاف لڑنا ہے جو آسمانی مقاموں میں ہیں۔  13 اِس واسطے خُدا کے سب ہتھیار باندھ کر تیار ہو جاؤ تاکہ بُرے دنوں میں شیطان کا مقابلہ کر کے قائم رہ سکو۔  14 پس تُم سچائی کے بیلٹ کو کمر سے کس کر باندھ لو اور راستبازی کا سینہ بند لگاکر۔  15 اور پاؤں میں صُلّح کی خُوشخبری کی تیاری کے جوتے پہن کر۔  16 اور اِن سب کے ساتھ ایمان کی ڈھال اُٹھا لو جس سے تُم شیطان کے سب جلتے ہوئے تیروں کو بُجھا سکو۔  17 اور سر پر نجات کا ہیلمٹ پہن کر ہاتھوں میں رُوح کی تلوار جو خُدا کا کلام ہے، لے لو۔  18 اور رُوح میںہر وقت اور ہر موقع پردُعا اور منت کرتے رہواور با قاعدگی کے ساتھ مُقدّسوں کے لیے دُعا کیا کرو۔  19 اور میرے لیے بھی دُعا کروکہ کلام کرنے کے وقت خُدا مُجھے توفیق دے کہ میں مناسب لفظوں کے ساتھ دلیری سے خُوشخبری کا بھید بیان کر سکوں۔  20 جس پیغام کا سفیر ہونے کے باعث زنجیروںسے جکڑا گیا ہوں اُس پیغام کو ایسی دلیری سے سُناؤں جیسا مُجھ پر فرض ہے۔

  21 تخِکُس جو پیارا بھائی اور خُداوند کا ایک دیانتدار خادم ہے۔ میرا سارا حال کہ میں کیا کر رہا ہوں اور کیسے رہتا ہوں تُمہیں بتائے گا۔  22 میں اُسے تُمہارے پاس بھیج رہا ہوں تاکہ اُس سے تُم ہمارے حال کو جان کر تسلی پاؤ۔

  23 خُدا باپ اور خُداوند یسُوع ؔ مسیِح تُم سب بھائیوں کو سلامتی اور ایمان کے ساتھ آپس میں محبت کے ساتھ رہنے کا فضل بخشے۔

  24 خُدا کا فضل ہمیشہ کے لیے اُن سب کے ساتھ رہے جو مسیِح سے لازوال محبت رکھتے ہیں۔