کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6

افسیوں 2

 2

 موت سے زندگی کی طرف:

  1 اورتُم جو رُوح میں اپنے گُناہوں اور قصو روں کے باعث مُردہ تھے، زندہ کئے گئے ہو۔  2 تُم گُناہوں میں زندگی بسر کرتے اور اِس دُنیا کے طور طریقوں پر چلتے اور شیطان کی تابعداری کرتے تھے جو اندیکھی دُنیا کا حاکم ہے جس کی رُوح اَب بھی نافرمانی کے فرزندوں میں اثر کرتی ہے تا کہ خُدا کے نافرمان رہیں۔  3 ہم سب بھی ایک وقت اِسی طرح جسم کی خواہشوں میں زندگی گُزارتے اور جسم اور عقل کے ارادے پُورے کرنے کی کوششوں میں رہتے۔ اور باقی لوگوں کی طرح پیدایش ہی سے غضب کے فرزند تھے۔  4 لیکن خُدا جس نے اپنی بے حد رحمت میں ہم سے پیار کیا۔  5 اُس نے ہم کو جب اپنے قصوروں کے سبب مُردہ ہی تھے ہم کو مسیِح کے ساتھ زندہ کیا۔  6 اور ہمیں مسیِح کے ساتھ زندہ کر کے آسمانی مقاموں پر اُس کے ساتھ بٹھایا۔  7 تاکہ ہمیں آنے والے زمانوں میں اپنے فضل کی بے حد دولت کو دکھائے جو اُس نے ہمیں یسُوعؔ میں بخشی۔  8 خُدا نے اپنے فضل ہی سے تُمہیں نجات بخشی ہے یہ تُمہاری کسی خُوبی کے باعث نہیں بلکہ خُدا کی بخشش ہے۔  9 نجات تُمہارے نیک کاموں کا پھل نہیں کہ تُم کوئی فخر کرو۔

  10 خُدا نے ہمیںیسُوعؔ مسیح میں نیک کاموں کے لیے نئے سرے سے تخلیق کیا ہے جنہیںکرنے کے لیے خُدا نے پہلے ہی سے ہمارے واسطے تیار کر رکھا تھا۔

 مسیِح میں یگانگت:

  11 یہ بات یاد رکھو تُم جو جسم کے اعتبار سے غیرقوم والے ہو اور یہودی جو مختون کہلاتے اور ہاتھ سے کئے ہوئے ختنہ پر فخر کرتے ہیں تُمہیں نامختون کہتے تھے۔  12 اور تُم جو پہلے مسیِح سے جُدا تھے۔ اسرائیلؔ کی قوم سے خارج اوراُن وعدوں سے ناواقف جو خُدا نے اپنے عہد میں کئے۔ خُدا سے دُوراورنااُمیدی کی زندگی بسر کرتے تھے۔  13 مگر تُم جو پہلے دُور تھے اَب یسُوعؔ مسیِح میں اُس کے خُون سے خُدا کے نزدیک ہو گئے ہو۔  14 کیونکہ مسیِح ہی ہماری صلّّٰح ہے جس نے صلیب پر ہم یہودیوںکو اورتمہیں جوغیریہودی ہو، اپنے بدن میں ایک کر لیااور ہمارے درمیان جُدائی کی دیوار کو گرا دیا۔  15 اُس نے یہ کا م اپنے جسم کے ذریعے شریعت کے اُن حکموں اور ضابطوں کو ختم کر کے کیا جو ہمارے درمیان دُشمنی کی وجہ تھی تاکہ ہم دونو ں کو اکٹھا کرکے اپنے آپ میں ایک نیا انسان پیدا کر کے صلّح کرے۔  16 اورصلیب پر اپنی موت کے وسیلے دُشمنی مٹا کر دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے ملائے۔  17 اور تُمہیں جو خُدا سے دُوریعنی غیریہودیوں اور اُن کو جو خُدا کے نزدیک یعنی یہودیوں کوصلّح کی خُوشخبری دی۔  18 ہم دونوں اُسی ایک رُوح کے وسیلے باپ کے پاس آسکتے ہیں جو یسُوعؔ مسیِح کے وسیلے ہمیں ملا یعنی رُوح القُدس۔  19 پس اَب تُم جو غیر قوم ہو، پردیسی اور اجنبی نہیں رہے بلکہ خُدا کے مُقدّس لوگوں کے ہم وطن اور خُدا کے گھرانے کے لوگ ہو گئے ہو۔  20 ہم مل کر خُدا کے لیے ایک گھر بنتے جاتے ہیں جو رسولوں اور نبیوں کی رکھی ہوئی بنیاد پر تعمیر ہوتا جاتا ہے جس کے کونے کا پتھر یسُوع ؔہے۔  21 اُسی میں ہم باہم پیوست ہو کر خُداوند کے لیے پاک مَقدس بنتے جاتے ہیں۔  22 اُسی میں تُم بھی جو غیرقوم سے ہو اِس مَقدس کا حصّہ ہو جس میں خُدا کا پاک رُوح رہتا ہے۔