کتاب باب آیت
1 2 3 4

کُلسّیوں 1

 1

  1 یہ خط پُولسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے مسِیح یسوعؔکا رسُول ہے اور ہمارے بھائی تِیمتھُُسؔ ؔؔکی طرف سے۔  2 کُلُسے ؔ میں اُن بہنوں اور بھائیوں کے نام جو مسِیح میں مُقدس اور ایماندار ہیں۔ خُدا باپ کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمینان حاصِل ہوتا رہے۔

  3 ہم ہمیشہ دُعا کرتے وقت تُمہارے لیے خُداوند یسوعؔ مسِیح کے باپ یعنی خُدا کا شُکر کرتے ہیں۔  4 کیونکہ ہم نے تُمہارے اُس ایمان کے جو تُم یِسوُعؔ مسیِح پر رکھتے اور اُس محبت کے متعلق جو تُم ایماندار بھائیوں سے رکھتے ہو سُنا ہے۔  5 اِس ایمان اور محبت کا سبب اُمید کی ہوئی وہ چیزیں ہیں جو تُمہارے واسطے آسمان پر رکھی ہوئی ہیںجن کے بارے میں تُمہیں سچائی کے پیغام یعنی خُوشخبری سے پتا چلا۔  6 جیسے یہ خُوشخبری تُم تک پہنچی ویسے ہی ساری دُنیا میں ترقی پاتی اور رُوحوں کی نجات کا پھل پیدا کرتی ہے۔ جیسے تُم میں نجات کا کام پہلے دِن سے ہواجب تُم نے سچے طور پر خُدا کے فضل کو پہچانا۔  7 تُم نے اِس خوشخبری کو ہمارے ہم خدمت پیارے بھائی اِپفراسؔ سے سُناجو ہمارے لیے مسیِح کا دیانتدار خادم ہے۔  8 اُس نے ہمیں تُمہاری اُس محبت کے بارے میںجو پاک رُوح نے دُوسروں کے واسطے تُمہارے اندر ڈالی ہے بتایاہے۔

  9 اِس لیے جب سے ہم نے تُمہارے بارے میں سُناہے ہر روز تُمہارے لیے دُعا اور درخُواست کرتے ہیںکہ خُدا تُمہیںاپنی مرضی کے علم سے ُمعمور کرے اور ہر طرح کی رُوحانی سمجھ اور حکمت عطا کرے۔  10 تاکہ تُمہارے چال چلن سے اُس کو عزت ملے اوراُسے ہر طرح سے پسند آئے اور تُم میں نیک کام کے پھل لگیں اور تُم خُدا کی پہچان میں بڑھتے جاؤ۔  11 اور دُعا کرتے ہیں کہ تُم خُدا کی جلالی قدرت میں زورآورہوتے جاؤ ُتاکہ خُوشی کے ساتھ ہر صُورت میں صبراور تحمّل کر سکو۔  12 اور باپ کے شکُرگُزار ہیں جس نے تُمہیںاِس لائق کیا کہ اُن مُقدسوں کے ساتھ جو نُور میں رہتے ہیں میراث کا حصّہ پائو۔

  13 اُس نے ہمیں تاریکی کے قبضے سے چھُڑا کر اپنے بیٹے کی، جس سے وہ پیار کرتا ہے، بادشاہی میں داخل کیا۔  14 جس کے لہُو کے وسیلے ہمیں گناہوں سے خلاصی اور سارے گناہوں سے معافی ملی ہے۔

 یسُوعؔ کی ذات کی حقیقت:

  15 یسُوعؔ اَن دیکھے خُدا کی صُورت ہے اور تمام مخلُوقات سے پہلے موجودہے۔  16 اُسی میں آسمان اور زمین کی سب چیزیں پیدا کی گئیں وہ چیزیں جو نظر آتی ہیں اور وہ بھی جو نظر نہیں آتیں جیسے تخت یا ریاستیںیا حکومتیں یا اختیارات سب چیزیں اُسی کے وسیلے اور اُسی کے لیے پیدا ہوئیں۔  17 وہ سب چیزوں سے پہلے موجود ہے اور اُسی میں سب چیزیں قائم رہتی ہیں۔  18 وہی کلیسیا کاجو اُس کا بدن ہے سر ہے۔ وہی ابتدا ہے اور جتنے مُردوں میں سے جی اُٹھے اُن میں پہلوٹھاتاکہ سب باتوں میں اُس کا پہلا درجہ ہو۔  19 اور خُدا کو پسند آیا کہ اپنی ساری معموری کے ساتھ اُس میں سکونت کرے۔  20 تاکہ اُس کے لہُو کے وسیلے جو صلیب پر بہایا گیا صُلح کرکے سب چیزوں سے خواہ زمین کی ہوں یا آسمان کی ملاپ کر لے۔  21 اور تُمہارے ساتھ بھی جو پہلے خُدا سے دُوراور بُرے کاموں کے سبب دِل سے خُدا کے دُشمن تھے۔  22 اور اُس کی جسمانی موت کے وسیلے تُمہارے ساتھ میل کرکے تُمہیں مُقدس بے عیب اوربے الزام بنا کر اپنے سامنے حاضرکرے۔  23 بشرطیکہ تُم اُس اُمید کو جو اِس خُوشخبری کو سُنتے وقت تُمہیں حاصل ہوئی نہ چھوڑواور اپنے ایمان پر قائم اور پُختہ رہو۔ یہ خُوشخبری جو تُم نے سُنی اور جس کی منادی آسمان کے نیچے تمام مخلوقات میں کی گئی اورمیں پولُسؔ اُس کا خادم ہوں۔

 کلیسیا کے لیے پولُس ؔکی خدمت:

  24 میں اپنے جسم پر تُمہاری خاطر دُکھ اُٹھانے میں خُوش ہوں تاکہ مسیِح کے دُکھوں میں شامل ہو کر جو اُس نے اپنے بدن یعنی کلیسیا کے لیے اُٹھائے کمی کو پُورا کروں۔  25 میں خُدا کے انتظام کے مطابق خادم مقرر ہوا ہوں کہ کلیسیا میںخُدا کے کلام کی پُوری پُوری منادی کروں۔  26 یعنی پیغام کے اُس بھید کو جوزمانوںاور پُشتوں سے پُوشیدہ رہامگر اَب خُدا کے مُقدسوں پر ظاہر ہُوا۔  27 جن پر خُدا نے چاہا ظاہر کرے کہ غیرقوموںکے لیے بھی یہ بھید کتنا قیمتی ہے کہ یسوعؔ اُن میں رہتا ہے جس کے باعث وہ خُدا کے جلال میں داخل ہونے کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔  28 یسوعؔمسیح کی منادی کرتے ہوئے ہم بڑی دانائی سے ہر ایک شخص کو نصیحت کرتے اور تعلیم دیتے ہیں تاکہ ہم یسُوع ؔمسیِح میں ہر ایک کو کامِل کر کے خُدا کے سامنے پیش کر یں۔  29 اِس لیے میں اُس کی اِس قوت کے موافق جو مُجھ پرزور سے اثر کرتی ہے سخت محنت کرتا ہوں۔