1 مجھ بزرگ یُوحنّا ؔکی طرف سے خدا کی چُنی ہوئی خاتون اور اُس کی کلیسیا کے نام، جن سے میںاور نہ صرف میں بلکہ وہ سب بھی سچی محبت رکھتے ہیں جو سچائی کو جان گئے ہیں۔ 2 یہ سچی محبت ہم میں قائم رہتی ہے اور ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔
3 فضل، رحم اور اطمینان جو خدا باپ اور اُس کے بیٹے یسُوعؔ مسیح کی طر ف سے ہیں، سچائی اور محبت کے ساتھ ہمارے ساتھ رہیں گے۔
سچائی اور محبت:
4 میں بہت خوش ہوا جب میں نے تیرے کچھ لڑکوں کو سچائی کے ساتھ چلتے پایا، اُس کے حکم کے مطابق جو ہمیں باپ کی طرف سے ملا ہے۔ 5 میرے عزیزو! یہ بات دلاتے ہوئے میں کوئی نیا حکم نہیں بلکہ وہی پہلے والا حکم جو شروع سے ہمارے پاس ہے تمہیں یہ لکھتا ہوں کہ آؤ ہم ایک دوسرے سے محبت رکھیں۔ 6 محبت رکھنا اِسی میں ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریںاور اُس نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ایک دوسرے سے محبت رکھیں۔ یہ حکم تم نے شروع سے سُن رکھا ہے اور تمہیں اِس پر چلنا بھی چاہیے۔
7 میں یہ باتیں اِس لئے لکھتا ہوں کہ بہت سے لوگ اِس دُنیا میں سچائی سے ہٹانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ یہ یسُوع ؔمسیح کے جسم میں آنے کا اِقرار نہیں کرتے۔ گمراہ کرنے والا مخالف ِ مسیح یہی ہے۔ 8 اپنے بارے میں خبردار رہ تاکہ جو محنت ہم نے کی ہے وہ بیکار نہ ہو جائے بلکہ محنت کرتاکہ تجھے پورا اَجر ملے۔
9 جو کوئی مسیح کی تعلیم چھوڑ کر آگے بڑھ جاتا ہے۔ اُس کا خدا سے تعلق نہیں رہتا۔ جو اُس تعلیم میں قائم رہتا ہے اُس کا تعلق باپ اور بیٹے دونوں سے قائم رہتا ہے۔ 10 اگر کوئی تمہارے گھر آئے اور مسیح کے بارے میں یہ سچی تعلیم نہ دے تو نہ اُسے گھر آنے دو نہ اُسے سلام کرو۔ 11 جو کوئی ایسے شخص سے تعلق رکھتا ہے وہ بُرے کاموں میں شریک ہوتا ہے۔
12 مجھے اور بھی بہت سی باتیں تم سے کرنی ہیں مگر کاغذ اور سیاہی سے لکھنا نہیں چاہتا بلکہ اُمید رکھتا ہوں کہ تمہارے پاس آکر آمنے سامنے بات کروں تاکہ تمہاری خوشی کامل ہو جائے۔ 13 تمہاری بہن جسے خدا نے چُنا ہے اُس کی کلیسیا کے لوگ تمہیں سلام کہتے ہیں۔