کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13

2 کُرنتھِیوں 11

 11

 پو لُسؔ اور جھوٹے رسول:

  1 اگر کبھی مُجھ سے تھوڑی سی بے وقوفی ہو جائے تو میری برداشت کرنا۔ میں اُمید رکھتا ہوں کہ تُم برداشت کرتے بھی ہو گے۔  2 میں تُمہارے لیے خُداکی سی غیرت رکھتا ہوں۔ کیونکہ میں نے تُمہیں ایک پاکیزہ دُلہن بناکر تُمہاری ایک ہی دُلہے یعنی مسیِح کے ساتھ نِسبت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔  3 لیکن مُجھے خدشہ ہے کہ جیسے سانپ نے حوّا کو اپنی مکاری سے بہکایا اُسی طرح کہیں تُمہاری رفاقت جو پاکیزگی میں مسیِح کے ساتھ ہے سوچوں کے بہک جانے سے بگڑ نہ جائے۔  4 کیونکہ تُم خُوشی سے ہر اُس شخص کو قبول کر لیتے ہو جو کسی دُوسرے یسُوع ؔ کی منادی کرتا ہے جس کی ہم نے نہیںکی۔ جن سے تُم اُس رُوح کو لینے کے لیے تیار ہو جاتے ہو جو تُم نے ہم سے نہیں پائی اور کسی اور طرح کی خُوشخبری قبول کر لیتے ہوجو ہم نے نہیں سنائی۔  5 میں اپنے آپ کو ا ُن افضل رسولوں سے کم نہیں سمجھتا جو تُمہیں ایسی تعلیم دیتے ہیں۔  6 بے شک میں تقریر کرنے میں کمزور ہوں مگر علم میں کسی طرح کم نہیں جس کا ثبوت ہم نے ہر طرح سے دیا ہے۔  7 کیایہ میری غلطی تھی کہ میں نے تُمہارے درمیان کسی بھی چیز کی توقع کے بغیر مفت خُوشخبری سُناکر اپنے آپ کو پست کیا تاکہ تُم کوعزت ملے۔  8 میں دُوسری کلیسیاؤں سے مالی مدد لے کر تُمہارے درمیان مُفت خدمت کرتا رہاگویا میں نے اُن کو لُوٹا۔

  9 جب میں تُمہارے درمیان تھا تو اپنی ضرورتیں کے لیے تُم پر بُوجھ نہیں بنا بلکہ مِکدُنیہؔ سے کچھ بھائیوں نے آ کر میری ساری ضرورت کو پُورا کیا اور میں تُم پر بُوجھ نہ بنا اور نہ بنوں گا۔  10 مسیِح کی اُس سچائی کی قسم جو مُجھ میں ہے کوئی مُجھے اخیہؔ کے لوگو ں پر اِس بات کے لیے فخر کرنے سے نہیں روک سکتا۔  11 کیا میں اِس لیے تُم پر بُوجھ نہیں بنا کہ مُجھے تُم سے محبت نہیں؟ خُدا جانتا ہے کہ مُجھے تُم سے کتناپیار ہے۔  12 مگرمیں جو کچھ کر رہا ہوں اُسی طرح جاری رکھوں گا تاکہ موقع پرستوں کو اِس بات کا موقع نہ ملے کہ خدمت میں ہماری مانند جتا کر جھُوٹا فخر کریں۔

  13 کیونکہ ایسے لوگ جھُوٹ اور دغابازی سے کام کرتے ہیں اور یسُوعؔ مسیِح کے رسولوں کا رُوپ دھارتے ہیں۔  14 اُن کے اِس طرح بدلنے سے مُجھے کچھ حیرانگی نہیں کیونکہ شیطان بھی نورانی فرشتہ کا رُوپ دھار لیتا ہے۔  15 تو کیا عجب ہے کہ شیطان کے خادم راستبازی کے خادموںکا بھیس بدل لیں۔ مگر ایسے لوگ اپنے بُرے کاموں کی سزا پائیں گے۔

 پولُسؔ کا اپنی مصیبتوں پر فخر:

  16 میں پھر کہتا ہوں مُجھے بیوقوف نہ سمجھا جائے۔ یا مُجھے بے وقوف ہی سمجھ کر میری سُنو تاکہ مُجھے بھی تھوڑا سا فخر کرنے کا موقع مل جائے۔  17 میرا یہ فخر کرنا خُداوند کی طرف سے نہیں ہے بلکہ میں ا پنی بے وقوفی کے باعث نہ جُرأت کرتا ہوں۔  18 جہاں اوراپنی جسمانی باتوں پر فخر کرتے ہیں، میں بھی کروں گا۔  19 کیونکہ تُم عقل مند ہوتے ہوئے بھی بے وقوفوںکی باتیں خُوشی سے سُن لیتے ہو۔  20 جب کوئی تُمہیں غلام بنالیتا ہے یا تُمہارا سب کچھ ہڑپ کرلیتا ہے۔ تُمہارا فائدہ اُٹھاتا ہے۔ تُمہارے منّہ پر تھپڑ مار کراپنے آپ کو بڑا جتاتا ہے تو تُم برداشت کر لیتے ہو۔  21 یہ کہتے ہوئے میں شرمندہ ہوں کہ ہم اِس قدر کمزور ہیں۔ جس طرح اور فخر کرنے کی جرأت کرتے ہیں، میں بھی فخر کر سکتا ہوں (میر ا یہ کہناگویا بیوقوفی ہے) ۔  22 کیا وہ ہی عبرانی ہیں؟ میں بھی تو ہوں۔ کیا وہ ہی اسرائیلی ہیں؟ میں بھی ہوں۔ کیا وہ ہی ابرہام ؔ کی نسل سے ہیں؟ میں بھی ہوں۔  23 کیا وہ ہی مسیِح کے خادم ہیں؟ میرا یہ کہنا دیوانگی نظر آتی ہے۔ میں نے اُن سے زیادہ خدمت کی ہے، سخت محنت کرتے ہوئے، کئی دفعہ قید کاٹ کر، کئی دفعہ پیٹا گیا، کئی دفعہ موت کا سامنا کیا۔  24 یہودیوں سے پانچ مرتبہ ایک کم چالیس چالیس کوڑے کھائے۔  25 تین بار رومیوں سے بینت پڑے، ایک بار سنگسار کیا گیا، تین مرتبہ سمندر میں جہازکے ٹوٹنے میں جان بچی، ایک دفعہ پُورا ایک دن اور رات کھُلے سمندرمیں گُزارا۔  26 بار ہا اپنے سفر میں دریاؤں کے خطروں میں، اِس کے علاوہ ڈاکُوؤں کے خطروںمیں، اپنی قوم یہودیوںکے خطروںسے، غیر یہودیوںکے خطروں میں، شہر کے خطروں میں، ویرانوں اور سمندروں کے خطروں میں، جُھوٹے ایمانداروں کے خطرے میں۔  27 میں نے سخت محنت اور مشقت کی کئی راتیں جاگ کر کاٹیں، بھوک اور پیاس برداشت کی، بغیر گرم کپڑوں کے سردی کاٹی۔  28 اِن سب کے علاوہ مُجھے ہر روز کلیسیاؤں کی فکر آ دباتی ہے۔  29 ایسا کون ہے جس کی کمزوری میں کمزور نہ پڑا ہوں؟ یا کسی کے ٹھوکر کھانے سے میرا دل دُکھانہ ہو۔  30 اگر مُجھے فخر کرنا پڑے تو میں اپنی کمزوریوں پر کروں گا۔  31 ہمارے خُداوند یسُوعؔ مسیِح، کا خُدا جو ابدی تمجید کے لائق ہے جانتا ہے کہ میں جُھوٹ نہیں بولتا۔  32 جب میں دمشق میں تھا تو بادشاہ اَرِتاسؔ کے گورنر نے مُجھے گرفتارکرنے کے لیے شہرکے پھاٹکوں پر پہرے بٹھا رکھے تھے۔  33 لیکن بھائیوں نے مُجھے ایک ٹوکرے میں بٹھا کر دیوار کی کھڑکی سے لٹکا کر شہر سے باہر اُتار دیا۔