1 پولُسؔ سلوانُسؔاور تیمُتھیس ؔ کی طرف سے تھسلنیکُیوں کی کلیسیاکو جوہمارے باپ خُدا اور خُداوند یسوُعؔمسیِح پر ایمان لائے ہیں۔ خُدا کا فضل اور اطمینان تمہیں ملتا رہے۔
تھِسّلنیکیوں کی زندگی اور ایمان:
2 ہم ہمیشہ تُمہارے لیے خُدا کا شُکر کرتے اور لگاتار تُمہارے لیے دُعا کرتے ہیں۔ 3 تُمہارے لیے خُداباپ سے دُعا کرتے ہوئے تمہارے اُن کاموں کو جو تُم ایمان سے کرتے ہو۔ تُمہاری محنت کوجو محبت میں کرتے، تُمہارے صبر اور برداشت کو جو یسُوعؔمسیِح میں اُمید کے باعث کرتے ہو، یاد کرتے ہیں۔ 4 پیارے بھائیو اور بہنو! ہم جانتے ہیںکہ خُدا تُم سے پیارکرتا ہے اوراُس نے تُمہیں اپنے لیے چُنا ہے۔ 5 کیونکہ ہم نے یہ خُوشخبری تُم تک صرف لفظی طور پر نہیں پہنچائی بلکہ قدرت اور پاک رُوح کے ساتھ۔ اور تُم تو جانتے ہو کہ ہم تمہاری خاطر تمہارے درمیان کس طرح زندگی گزارتے رہے ہیں۔ 6 اور تُم نے بڑی مصیبتوں کے باوجود اِس پیغام کو پاک رُوح کے وسیلے بڑی خُوشی سے قبول کیا اور ہماری اور خُداوند کی مانند بنے۔ 7 یوں تُم مکدُنیہ ؔ اور اخیہؔ کے ایمانداروں کے لیے نمونہ بنے۔ 8 اور تُمہارے وسیلے خُداوند کا کلام نہ صرف مکدُنیہؔ اور اخیہ ؔبلکہ ہر ِطرف پھیل گیا۔ اور جہاں کہیں ہم گئے، لوگوں سے تُمہارے ایمان کا چرچا سُن کر ہمیں اورکچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ 9 وہ خُود اِس بات کا ذکر کرتے ہیں کہ کس اچھے طریقے سے تُم نے ہمارا استقبال کیااورتُم نے بتوں سے پھر کر خُدا کو قبول کیا تاکہ زندہ خُدا کی سچائی کے ساتھ عبادت کرو۔ 10 اور خُدا کے بیٹے یسوُعؔ کے آسمان پر سے آنے کے مُنتظر رہوجس کو اُس نے مُردوں میں سے جِلایا وہی ہمیں آنے والی عدالت اور غضب سے بچاتا ہے۔