کتاب باب آیت
1 2 3 4 5
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14

1 پطرس 5

 5

 خُدا کا گلہ:

  1 کلیسیا کے بزُرگوں کو، جِن کی مانند میں بھی ایک بزُرگ اور مسیحِ کے دُکھوں کا گواہ اور اُس (مسیح) کے واپس آنے پر اُس کے جلال میںشریک ہوں، یہ نصیحت کرتا ہوں۔  2 اُس گلہ (اِیمانداروں کی جماعت) کی گلہ بانی جس کے لیے خدا نے تُم پر بھروسا کیا اور مقرر کیا ہے، نگہبانی مجبوری سے نہیں بلکہ خوشی سے کرو، کسی لالچ سے نہیں بلکہ پُوری لگن کے ساتھ اسے خدا کی مرضی جان کر کرو۔  3 جنہیں خدا نے تُمہارے سپُرد کیا ہے اُن پر حکمرانی مت جتاؤبلکہ اپنے اچھے نمونے کے ساتھ اُن کی گلہ بانی کرو۔  4 تاکہ جب سردار گلہ بان (یسوُعؔ) ظاہر ہو گا تو تُمہیں ایسا جلالی تاج دے گا جو کبھی خراب نہ ہو گا۔

  5 اِسی طرح نوجوان بھی اپنے آپ کو بزرگوں کے تابع کریںاور فروتنی سے ایک دُوسرے کی خدمت میں لگے رہیں۔ یہ یاد رکھیں کہ:

 ”خدا مغروروں کا مُقابلہ کرتا ہے
 مگر فروتنوں کوتوفیق بخشتا ہے۔“ (اَمثال۳: ۳۴)

  6 پس خدا کے قوی ہاتھ کے نیچے فروتنی سے رہو تاکہ وہ تُمہیں وقت پر سربُلند کرے۔  7 اپنی ساری فکریں اور پریشانیاںاُسے دے دو کیونکہ اُسے تُمہاری فکر ہے۔

  8 چوکس رہو اور اپنے بڑے دُشمن شیطان پر نظر رکھو جو گرجنے والے شیر ببر کی طرح ڈُھونڈتا پھرتا ہے کہ کسی (کمزور اور غیرمحفوظ) کو پھاڑ کھائے۔  9 اِیمان میں مضبوط ہو کر اُس کا مقابلہ کرو۔ اور یاد رکھو کہ تُمہارے اِیماندار بھائی اِس دُنیا میں اِسی طرح دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔  10 خدا جِس نے ہم پر اپنا بڑا فضل کرتے ہوئے ہمیں یسوع ؔمسیح کے وسیلے اپنے ابدی جلال میں حصّہ دار ہو نے کے لیے بُلایا ہے آپ ہی تُمہیں تھوڑی مدت تک دُکھ اُٹھانے کے بعدتُمہاری قوت کو بحال کرکے مضبوطی سے قائم کر دے گا۔  11 جلال اور سلطنت ہمیشہ تک اُسی کا ہے۔ آمین!

 اِختتامی سلام:

  12 میں نے یہ مختصر خط، سیلوانُس ؔکے ذریعے، جو میرے نزدیک ایک اِیماندار بھائی ہے، لکھوا کرتُمہاری حوصلہ افزائی کے لیے گواہی دیتا ہوں کہ یہ ہی خدا کا سچا فضل ہے جِسے تُم تجربے سے جان رہے ہوپس اِس میں قائم رہو۔  13 بابل ؔکی کلیسیا اور میرا بیٹا مرقس ؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔  14 گلے لگا کر ایک دُوسرے سے مِلو اور سلام کرو۔ تُم سب پر جو مسیِح یسوُعؔ میں ہو سلامتی ہو۔