کتاب باب آیت
1 2 3 4 5
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21

1 یُوحنّا 5

 5

  1 جس کا یہ ایمان ہے کہ یسوُعؔ ہی مسیح ہے وہ خدا سے پیدا ہوا ہے۔ جو کوئی باپ سے محبت رکھتا ہے وہ اُس کے بچوں سے بھی محبت رکھتے ہیں۔  2 جب ہم خدا کے بیٹوں سے محبت رکھتے ہیں تو اِس سے پتا چل جاتا ہے کہ ہم خدا سے محبت رکھتے ہیں اور اُس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔  3 درحقیقت خدا سے محبت رکھنا اُس کے حکموں پر عمل کرنا ہی ہے اور اُس کے حکم سخت نہیں۔  4 جو کوئی خدا سے پیدا ہوا ہے وہ دُنیا پر غالب آتا ہے اور ہم اپنے ایمان ہی سے دُنیا پر غالب آنے کی فتح پاتے ہیں۔  5 دُنیا کے خلاف جنگ میں کون فتح پاتا ہے؟ وہی جو ایمان رکھتا ہو کہ یسُوعؔ خدا کا بیٹا ہے۔

 یسُوع ؔ مسیح کی بابت گواہی:

  6 یسُوعؔ مسیح خدا کا بیٹا ہے۔ یہ اُس کے پانی کے بپتسمے اور صلیب پر خون بہانے کے وسیلے ظاہر ہوا، نہ صرف پانی سے بلکہ پانی اور خون دونوں کے وسیلے سے اور پاک رُوح اِس کی گواہی دیتا ہے جو سچائی کا رُوح ہے۔  7 کیونکہ آسمان میں تین گواہی دینے والے ہیں باپ کلام اور روح القدس اور یہ تینوں ایک ہیں۔

  8 اور زمین میں تین گواہی دینے والے ہیں روح القدس اور پانی اور خون۔ اور تینوں ایک کے طور پر متفق ہیں۔  9 جب ہم لوگوں کی گواہی کو مان لیتے ہیں تو خدا کی گواہی تو اِس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ خدا نے خود اپنے بیٹے کے حق میں گواہی دی ہے۔  10 جو خدا کے بیٹے پر ایمان رکھتا ہے وہ اِس گواہی کو سچامانتا ہے وہ جو اِس گواہی کو جو خدا نے اپنے بیٹے کے حق میں دی ہے، سچا نہیں مانتا خدا کو جھُوٹا ٹھہراتا ہے۔  11 اور وہ گواہی یہ ہے کہ خدا نے ہمیں ہمیشہ کی زندگی بخشی ہے اور یہ زندگی اُس کے بیٹے میں ہے۔  12 جس کے پاس خدا کا بیٹا ہے اُس کے پاس زندگی ہے، جس کے پاس خدا کا بیٹا نہیں اُس کے پاس زندگی بھی نہیں۔

  13 میں نے یہ باتیں تمہیں جو خدا کے بیٹے پر ایمان لائے ہو اِس لئے لکھی ہیں کہ تم جان جاؤ کہ ہمیشہ کی زندگی رکھتے ہو۔  14 اور ہمیں اِس بات کے لئے بھروسا ہے کہ ہم جو کچھ اُس کی مرضی کے مطابق مانگیں وہ ہماری سُنتا ہے۔  15 اب جبکہ ہم یہ جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم مانگتے ہیں وہ ہماری سُنتا ہے تو یہ بھی جانتے ہیں کہ جو کچھ ہم نے مانگا ہے وہ ہم نے پایا ہے۔

  16 اگر کوئی اپنے بھائی کو ایسا گناہ کرتے ہوئے دیکھے جس کا انجام موت نہ ہو تو اُس بھائی کے لئے دُعا کرے جس کے وسیلے سے خدا اُس بھائی کو زندگی دے گا۔ یہ صرف ایسے گناہوں کے تعلق سے ہے جن کا انجام موت نہ ہو۔ گناہ ایسا بھی ہے جس کا انجام موت ہے۔ میں اُ س کے بارے میں دُعا کرنے کو نہیں کہتا۔  17 ہر طرح کی بدی گناہ ہے مگر ایسا گناہ بھی ہے جس کا انجام موت نہیں۔

  18 ہم جانتے ہیں کہ خدا کے بیٹے گناہ نہیں کرتے۔ کیونکہ خدا کا بیٹا اُن کی حفاظت کرتا ہے اور شریر اسے چھؤ نہیں سکتا۔

  19 ہم جانتے ہیں کہ ہم خدا سے پیدا ہوئے ہیں اور ساری دُنیا شیطان کے قبضے میں ہے۔  20 اور ہم جانتے ہیں کہ خدا کا بیٹا آیا ہے اوراُس نے ہمیں سچے خدا کو جاننے کی سمجھ دی ہے اور ہم یسُوعؔ مسیح میں ہونے کے باعث اُس سچے خدا کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔ وہی سچا خدا ہے اور ہمیشہ کی زندگی یہی ہے۔  21 اے بچو! کسی بھی ایسی چیز سے دُور رہو جو خدا کی جگہ تمہارے دلوں میں جگہ لے سکتی ہے۔ ہر طرح کی بت پرستی سے بچے رہو۔