کتاب باب آیت
1 2 3 4 5
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10

1 یُوحنّا 1

 1

 زندگی کا کلام:

  1 ہم تمہیں اُس کی خبر دیتے ہیں جو دُنیا کے شروع سے تھا جسے ہم نے سُنا اور اپنی آنکھوں سے دیکھا بلکہ قریب سے دیکھا اور اپنے ہاتھوں سے چھؤا۔ وہی زندگی کا کلام ہے۔  2 وہ جو خُود ہمیشہ کی زندگی ہے، ہم پر ظاہر ہوااور ہم نے اُسے دیکھا، ہم اُس کے گواہ ہیں۔ اَب اِسی زندگی کی خبر تمہیں دیتے ہیں جو خدا کے ساتھ ہے اور ہم پر ظاہر کی گئی۔  3 جو کچھ ہم نے سنا او ردیکھا اس کی حقیقت بیان کرتے ہیں تاکہ تم بھی ہمارے ساتھ مل کر باپ اور بیٹے یسوع ؔ مسیح کے ساتھ رفاقت رکھو۔  4 ہم یہ باتیں اِس لئے لکھتے ہیں کہ تم بھی پوری طرح ہماری خوشی میں شامل ہو جاؤ۔

 خُدا نور ہے:

  5 یہ پیغام جو ہم نے یسُوعؔ سے سنُا ہم تمہیں دیتے ہیں کہ وہ نور ہے اور اُس میں ذرا بھی تاریکی نہیں۔  6 اگر ہم کہیں کہ خُدا میں زندگی گزار رہے ہیں اور پھر گناہ میں بھی زندگی گزاریں تو ہم جھوٹ بولتے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں۔  7 چونکہ خدا نور ہے، نور میں چلتے ہوئے ہی ہم خدا کے ساتھ رفاقت رکھ سکتے ہیں اور اُس کے بیٹے یسُوع ؔ کا لہو ہمیں تمام گناہوں سے پاک کرتا ہے۔

  8 اگر ہم یہ کہیں کہ ہم گناہ نہیں کرتے تو خود کو دھوکا دیتے ہیں اور ہم میں سچائی نہیں۔  9 لیکن اگر ہم اُس کے سامنے اپنے گناہوں کا اِقرار کریں تو وہ ہمارے گناہوں کو معاف کرنے میں سچا اور عادل ہے۔  10 اگر ہم کہیں کہ ہم نے گناہ نہیں کیا تو اُسے جھوٹا ٹھہراتے ہیں اور اُس کے کلام کو دل سے قبول نہیں کرتے۔