کتاب باب آیت
1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16

1 کُرنتھِیوں 16

 16

 یروشلیم کے مُقدسّوں کے لیے چندہ:

  1 جس طرح میںنے گلتَیہؔ کی کلیسیاؤں کواُس چندے کی بابت جو مقدسوں کے لیے اکٹھا کیا جاتا ہے ایک حُکم دیا ہے تُم بھی اُس پر عمل کرو۔  2 ہر کوئی ہفتے کے پہلے دن اپنی آمدن کاکچھ حصّہ علیحدہ کر کے رکھ دے تاکہ میرے آنے پر چندہ اکٹھانہ کرناپڑے۔  3 جب میں آؤں گا تو جن لوگوں کو تُم مقرر کرو گے میں اُسے اپنا خط دے کر یروشلیِمؔ بھیج دُوں گا تاکہ تُمہاری خیرات پُہنچادیں۔  4 اگر میرا جانا بھی مناسب ہوا تو میں بھی اُن کے ساتھ جاؤں گا۔  5 میں مکدُونیہؔ سے ہوتے ہُوے تُمہارے پاس آؤں گا۔ کیونکہ مُجھے مکدُونیہ آناتو ہے ہی۔  6 مُمکن ہے میں کچھ وقت تُمہارے ساتھ رہوں۔ شاید سردی وہاں ہی تُمہارے پاس گُزاروں تاکہ تُم مُجھے آگے روانہ کر سکو۔  7 اِس دفعہ میں آپ کے پاس تھوڑی دیر کے لیے نہیں بلکہ خُدا نے چاہا تو کچھ عرصہ تُمہارے پاس ٹھہروں گا۔  8 میں اِفسُسؔ میں عیدِپینتیکسُت تک رہوں گا۔  9 کیونکہ وہاں میرے لیے خدمت کا ایک بڑا دروازہ کھُلا ہے مگر اِس کی مخالفت بھی بُہت ہے۔

  10 اگر تیمُتھیسؔتُمہارے پاس آئے تو اُسے کوئی پریشانی نہ ہو کیونکہ وہ بھی میری طرح خُداوند کا کام کرتا ہے۔  11 اِس لیے کوئی اُس کی حقارت نہ کرے۔ اُسے سلامتی کے ساتھ میرے پاس واپس بھیج دیں کیونکہ میں اور ساتھیوں کے ساتھ اُس کا مُنتظر ہوں۔  12 بھائی اپُلوس ؔکو میں نے بُہت کہا کہ دُوسرے ایمانداروں کے ساتھ تُمہارے پاس آئے مگر ابھی وہ آنے کے لیے تیار نہیں لیکن جب اُسے موقع ملے گا آئے گا۔

  13 جاگتے رہو۔ ایمان میں قائم رہو۔ مردانگی کرو۔ مضبُوط ہو۔  14 جو کچھ کرتے ہو محبت سے کرو۔

  15 اے بھائیو! تُم سِتفناسؔ اور اُس کے خاندان سے واقف ہو جو اخیہؔ کے پہلا ایمان لانے والا گھرانہ ہے۔ جنہوں نے مُقدسوں کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو وقف کر رکھاہے۔  16 پس اے بھائیو! اور بہنو! ایسوں کے تابع رہوبلکہ ہر اُس شخص کے بھی تابع رہو جو اِس کام میں محنت کرتے ہیں۔  17 میں ستِفناسؔ۔ فرتُوناتُسؔ اور اخیکُسؔ کے اپنے پاس آنے سے خُوش ہوں کیونکہ ا ُنہوں نے تُمہاری کمی کو پُورا کر دیاہے۔  18 جیسے وہ تُمہاری تسلی کا بھی باعث تھے، اُن کے آنے سے مُجھے بھی بُہت تسلی ملی ہے۔ ایسے لوگوں کی قدر کرو۔  19 آسیہ ؔ کی کلیسیائیں تُم کو سلام کہتی ہیں۔ اکولہؔ اور پَرسکہؔ اور اُن کے گھر کی کلیسیا کے سب لوگ تُم کو سلام کہتے ہیں۔  20 یہاں سے سب بھائی تُمہیںسلام کہتے ہیں۔ ایک دُوسرے کو گلے لگا کر سلام کرو۔

  21 میں پولُسؔ اپنے ہاتھ سے سلام لکھتا ہوں۔  22 اگر کوئی خُداوند سے محبت نہیں رکھتا وہ ملعون ہے۔ ہمارا خُداوند یسُوعؔ جلد آنے و الا ہے۔  23 خُداوند یسُوع کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔ یسُوع ؔمسیِح میں تُم سب کو میرا پیار بھرا سلام۔  24 یسُوعؔ مسیِح میںتم سے میری محبت ہمیشہ قائم رہے۔ آمین!